اردو

urdu

ETV Bharat / state

'جموں و کشمیر میں 4 جی انٹرنیٹ بحال ہو رہا ہے' - انٹرنیٹ سروس بحال

file photo
file photo

By

Published : Feb 5, 2021, 7:54 PM IST

Updated : Feb 5, 2021, 9:05 PM IST

19:49 February 05

جموں و کشمیر انتظامیہ نے 4 جی انٹرنیٹ بحال کرنے کا اشارہ دیا ہے۔

جموں و کشمیر کے ترجمان روہت کنسل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پورے جموں و کشمیر میں 4 جی انٹرنیٹ سروس بحال ہو رہی ہے۔ 

جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 سے یعنی تقریباً 18 مہینوں سے 4 جی انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔ 

حکومت نے کہا ہے کہ 4 جی انٹرنیٹ سروس مرحلہ وار طریقے سے بحال کی جائے گی لیکن فی الحال کسی علاقے سے فور جی انٹرنیٹ بحال ہونے کی خبر نہیں ہے۔

ترجمان روہت کنسل کے اعلان سے چند گھنٹے قبل بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے دعویٰ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں تیز رفتار فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات اگلے دس دنوں کے اندر بحال کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے انہیں ٹیلیفونک بات چیت کے دوران جموں و کشمیر میں فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات کی فوری بحالی کا یقین دلایا ہے۔
 

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ '4 جی مبارک! اگست 2019 کے بعد پہلی بار جموں و کشمیر کے پاس 4G موبائل ڈیٹا ہوگا۔ دیر آئے درست آئے'

قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 7 جنوری کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو آنے والے دنوں میں فور جی انٹرنیٹ کی بحالی کے حوالے سے ایک اچھی خبر سننے کو ملے گی۔ ان کا کہنا تھا: 'عدالت کی ہدایت پر ایک کمیٹی بنی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے بھی ایک اچھی خبر سننے کو ملے گی'۔

واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے پانچ اگست 2019 کو دفعہ 370 منسوخ کر کے جموں و کشمیر کی حاصل نیم خود مختار حیثیت ختم کر دی تھی اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ اس اقدام کے بعد احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کر دیا گیا تھا۔  تاہم 16 اگست 2020 کو جموں و کشمیر کے دو اضلاع گاندربل اور ادھم پور میں فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات زائد از ایک سال بعد تجرباتی طور پر بحال کر دی گئی تھیں۔
گاندربل اور ادھمپور میں فور جی انٹرنیٹ بحال کرنے سے ایک ہفتہ قبل مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ جموں و کشمیر کے دو اضلاع میں 15 اگست کے بعد فور جی انٹرنیٹ تجرباتی طور پر بحال کی جائیں گی اور صورتحال بہتر رہنے کی صورت میں باقی اضلاع میں فور جی انٹرنیٹ مرحلہ وار طریقے سے بحال کیا جائے گا۔
اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے سپریم کورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندی سے نہ تو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج پر کوئی اثر پڑا ہے اور نہ ہی تعلیمی اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
 

عام لوگوں کا کہنا ہے کہ مواصلاتی کمپنیاں صارفین سے فور جی موبائل انٹرنیٹ کے چارجز تو وصولتے ہیں لیکن انہیں ٹو جی وبائل انٹرنیٹ ہی فراہم کیا جاتا ہے۔

جموں و کشمیر کے دو اضلاع گاندربل اور ادھم پور میں گذشتہ برس 16 اگست کو فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات زائد از ایک سال بعد تجرباتی طور پر بحال کر دی گئیں تھیں۔

Last Updated : Feb 5, 2021, 9:05 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details