سرینگر: جموں و کشمیر محکمہ سیاحت کے سیکرٹری سید عابد رشید شاہ نے کہا کہ امسال یو ٹی میں فلمی سیاحت کے فروغ دینے کے لیے 300 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس امید ظاہر کی کہ جی20 سربراہ اجلاس سیاحت خاص کر بین الاقوامی سطح پر کشمیر کی سیاحت کو فروع دینے کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ ہفتے کے روز سرینگر کے آئینکس سنیما گھر میں طارق بٹ کی ہدایت کاری میں بنی نئی ریلیز "ویلکم ٹو کشمیر" کے ٹریلر کی نمائش کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 2 سو سے زائد فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ ایسے میں امسال ہماری توجہ فلمی سیاحت کو فروغ دینے پر ہوگی اور اس کے لیے محکمہ سیاحت نے فلم پروڈیوسرز اور ہداہت کاروں کے لیے 3 سو مقامات کا انتخاب عمل میں لایا ہے تاکہ وہ شوٹنگ کے لئے کسی بھی جگہ کو اپنے طور منتخب کرے۔
سید عابد رشید نے مزید کہا کہ یورپی ممالک کے مقابلے میں جموں وکشمیر میں بہت خوبصورت اور دلکش مقامات ہیں جو کہ فلم شوٹنگ کے لئے کافی موزون مانی جاتی ہے اور حال ہی میں ایک بڑے فلم پروڈکشن ہاؤس نے کشمیر میں ایک فلم کی شوٹنگ کی ،جوکہ خوش آئند ہے۔ جی 20 سرابرہ اجلاس سے متعلق بات کرتے ہوئے شعبہ سیاحت کے سیکریٹری سید عابد رشید شاہ نے کہا کہ ٹورازم گروپ کی تیسری ورکنگ گروپ مٹینگ کی میزبانی جموں وکشمیر کررہا ہے جو کہ ایک بڑا بین الاقوامی ایونٹ ہوگا اور یہ جموں وکشمیر کی خوبصورتی کو بین الاقوامی سطح پر ظاہر کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔