سرینگر (جموں و کشمیر):جمعرات کی سہ پر سرینگر انتظامیہ نے معروف آفتاب مارکیٹ میں سیل کی گئی دکانیں کھولنے کی اجازت دی، جس پر دکانداروں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی ستائش کی۔ یاد رہے کہ بدھ کی شام سرینگر انتظامیہ نے سرینگر کے قلب لال چوک میں واقع معروف آفتاب مارکیٹ میں تقریبا 25 دکانیں سیل کر دی تھیں۔
ایک سرکاری افسر نے دکانیں کھولے جانے کی اجازت دیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہ: ’’سیل کی گئی تمام 25 دکانوں کو کھول دیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا مزید کہا کہ گنڈا سنگھ نامی ایک مہاجر باشندے کی شکایت پر دکانوں کو سیل کر دیا گیا تھا تاہم بعد میں یہ واضح ہوا کہ دکانداروں نے دکانیں از خود نہیں بلکہ سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) نے دکانیں تعمیر کی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دکاندار باضابطہ طور دہائیوں سے دکانوں کا کرایہ ایس ایم سی کو ادا کرتے آ رہے ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے دکانوں کو کھولے جانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالہ سے مزید تحقیقات جاری رہے گی اور پوری تحقیقات کے بعد ہی مزید کارروائی انجام دی جائے گی۔ ادھر، آفتاب مارکیٹ کو کھولے جانے کے بعد مارکیٹ میں جشن کا ماحول ہے۔