جموں و کشمیر کے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 21 افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے کے جرم میں ایک روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اٹھارٹی، سرینگر کے پینل وکیل میر نوید گل نے ای ٹی وی بھارت کو فون پر بتایا کہ ’’موٹر وہیکل ایکٹ 2019 کو نافذ کیے جانے کے بعد سے قانون کافی سخت ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین مہینے کی قید یا جرمانہ یا دونوں عائد کیے جاتے تھے تاہم اب غلط طریقے سے گاڑی چلانے کے جرم میں ایک ماہ جبکہ حادثے کی صورت میں چھ مہینے کے لیے جیل بھیجا جا سکتا ہے۔‘‘
گزشتہ ہفتے کے دوران ہوئی کارروائی کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے کے جرم دو لڑکیوں سمیت 21 افراد کو ایک دن کی سزا کے لیے جیل بھیجا گیا۔ اس سے قبل معمولی جرمانے عائد کیے جاتے تھے تاہم اب قوانین سخت ہو چکے ہیں۔‘‘