سرینگر:جموں وکشمیر کی عام شاہراہوں کے ساتھ ساتھ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر بھی آئے روز سفر کے دوران سڑک حادثات پیش آتے ہیں، جن میں نہ صرف قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں بلکہ کئی لوگ شدید زخمی ہونے کے باعث عمر بھر اپاہج بھی ہو جاتے ہیں۔ ایسے میں سال 2023 میں 4697 سڑک حادثات میں 714 افراد ہلاک جبکہ 7078 زخمی ہو گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سال رواں کے نومبر مہینے تک وادی کشمیر میں 2041 سڑک حادثات میں 244 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں وہیں جموں صوبے میں 2 ہزار 6 سو سے زیادہ سڑک حادثات کے دوران 470 لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ وہیں اس دوران جموں اور کشمیر میں 12 لاکھ 52 ہزار سے بھی زائد چالان کر کے لاکھوں روپے کا جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے۔
اس عرصے کے دوران سرینگر ضلع میں 418 مختلف سڑک حادثات کے دوران 51 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔ بڈگام ضلع میں 160 سڑک حادثات میں16 لوگ اپنی جانیں گنوا بھیٹے ہیں اور 180 زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں 271 ایسے ہی حادثات میں اب تک 45 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ 348 زخمی ہو گئے۔ ضلع کولگام میں امسال 124 حادثات پیش آئے جن میں 23 لوگ ہلاک جبکہ 156 زخمی ہوئے۔ پلوامہ میں اسی طرح کے 123 واقعات میں 6 لوگوں کی موت واقع ہوئی اور 165 دیگر زخمی ہوئے۔ وہیں پہاڑی ضلع شوپیاں میں بھی 50 حادثات میں 8 لوگوں کی موت ہوئی اور 57 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسی طرح شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ایسے ہی 208 سڑک کے حادثات میں 21 لوگ ہلاک ہوئے ہیں اور 273 زخمی۔ بانڈی پورہ ضلع میں 58 حادثات کے دوران 4 لوگ جبکہ 123 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کپوارہ ضلع بھی سڑک حادثات میں دیگر اضلاع سے پیچھے نہیں رہا یہاں بھی 124 حادثات میں14 لوگ از جان جبکہ اس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح پولیس ضلع ہندوارہ میں بھی 114 سڑک سڑک حادثات میں15 لوگوں کی موت واقع ہوئی اور 135 زخمی ہوئے ہیں۔
سال 2023 میں قومی شاہراہ پر ایک دولدوز سڑک حادثے میں تقریباً33 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری ایک بس کشتواڑ ضلع سے جموں کی طرف جا رہی تھی اور ڈوڈہ کے عسر کے مقام پر ایک گہری کھائی میں جا گری۔