سرینگر:وادی کشمیر میں جہاں منشیات کی بدعت کی بیخ کنی کے لئے پولیس اور متعلقہ محکمے نے ایک ہمہ گیر مہم چھیڑ رکھی ہے وہیں سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے لوگوں کو تمباکو نوشی جیسی مضر صحت عادت سے چھٹکارا دلانے کے لئے اقدام اور جانکاری مہمیں چلائی جا رہیں۔
ایک طرف منشیات مخالف مہموں کے دوران آئے روز منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جاتا ہے اور اس لت میں پڑنے والوں کی کونسلنگ کی جاتی ہے اور ان کا علاج کیا جاتا ہے وہیں تمباکو نوشی کے خلاف جاری مہموں کے بھی حوصلہ افزا نتائج بر آمد ہو رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق وادی میں گذشتہ چار برسوں کے دوران قریب 12 سو افراد نے تمباکو نوشی کو خیر باد کہہ دیا ہے۔مذکورہ اعداد و شمار کے مطابق کشمیر میں سال 2022-23 کے دوران147 افراد نے تمباکو نوشی سے کنارہ کشی اختیار کی جبکہ سال2021 -22 کے دوران 642 افراد، سال 2020-21 کے دوران 212 افراد اور سال2019- 20 کے دوران 194 افراد نے تمباکو نوشی سے ناطہ توڑ دیا۔
ڈاٹا کے مطابق سال 2022-23 کے دوران 6 ہزار6 سو 24 افراد نے کونسلنگ حاصل کی جبکہ سال2021-22 میں 7 ہزار8 سو 15 افراد، سال2020-21 کے دوران 5 ہزار3 سو 48 افراد اور سال2019-20 کے دوران7 سو 91 افراد کی کونسلنگ کی گئی۔