شوپیاں:جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ایک ایسی خاتون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو اپنے آپ کو پولیس کا ساتھی ظاہر کرکے لوگوں سے پیسے بٹورتی تھی۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شوپیاں پولیس نے ایک مربوط اور موثر طریقے سے ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے جو ایک ٹاؤٹ کے بطور کام کرکے شوپیاں کے لوگوں سے پیسے بٹورتی تھی۔
بیان میں گرفتار شدہ خاتون کی شناخت محبوبہ اختر زوجہ شفقت محی الدین کچھے ساکن کردار کولگام کے بطور کی گئی ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ 'یہ خاتون شوپیاں میں پولیس کے قریب ہونے کا ڈرامہ کر رہی تھی اور ان افراد، جنہیں پولیس پوچھ تاچھ کے لئے احتیاطی حراست میں رکھتی ہے، کو رہا کرنے کے بدلے اس نے شوپیاں کے چند خاندانوں سے بھاری رقم بٹوری ہے'۔انہوں نے کہا کہ 'غلام حسین شاہ ولد محمد شعبان شاہ ساکن بہی باغ کولگام اس فراڈ میں مذکورہ خاتون کی مدد کر رہا تھا'۔پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن شوپیاں میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔پولیس ترجمان نے کہا کہ اطلاع موصول ہونے کی بنیاد پر دونوں بھتہ خوروں کو پوچھ تاچھ کے لئے پولیس تھانہ طلب کیا گیا۔