شوپیاں:جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے آلشی پورہ علاقے میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم آرائی میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو مقامی عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔ایس ایس پی شوپیاں تنوشری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج کی 44 آر آر ، 178بٹالین سی آر پی ایف اور شوپیاں پولیس نے درمیانی شب مشترکہ طورپر گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی،جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو مقامی عسکریت پسند مارے گئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارے گئے عسکریت پسندوں کی لاشیں برآمد کی گئیں جن کی بعد میں ان کی شناخت معرفت مقبول ولد محمد منگلو ساکن چھی گنڈ کیگام شوپیاں اور جاظم فاروق عرف ابرار ولد فاروق احمد وانی ساکن ہف شرمال کے بطور ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ جاظم فاروق کشمیر پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں ملوث رہا ہے۔موصوف ترجمان کے مطابق جبکہ معروف مقبول نامی دوسرا عسکریت پسند پولیس کو مطلوب تھا۔