جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جاری تصادم میں اب تک دو عسکریت پسند مارے جاچکے ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع شوپیاں کے بنڈپاوا امام صاحب اور ضلع پلوامہ کے میج پانپور میں جاری عسکریت پسند مخالف آپریشنز میں اب تک دو عسکریت پسند مارے جاچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک شدہ عسکریت پسندوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے جبکہ دونوں علاقوں میں آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع شوپیاں کے بنڈپاوا امام صاحب میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر شوپیاں پولیس، فوج کی 44 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں جمعرات کو دوپہر کے وقت کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران وہاں موجود عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا۔
سینئر پولیس افسر نے کہا کہ پلوامہ کے میج پانپور میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جاری تصادم میں ایک عسکریت پسند مارا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک شدہ عسکریت پسند کی شناخت ابھی ہونا باقی ہے۔