شوپیان ضلع کے چتراگام علاقے کے ستراجن باغیچوں میں تین عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز کے اہلکار جن میں فوج کی 34 آر آر، سی آر پی ایف کی 178 بٹالین اور جموں و کشمیر پولیس شامل تھے، نے ستراجن باغیچوں کو محاصرے میں لے کر سبھی ممکنہ راستوں کو بند کرتے ہوئے تلاشی کارروائی شروع کی۔
فورسز اہلکار ابتدائی لمحہ میں محاصرے کی غرض سے جب ایک شیڈ کے نزدیک پہنچ گئے تو وہاں موجود عسکریت پسندوں نے فورسز پر فائر کر دی جس کے بعد طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ ہی وقت تک جاری رہا اور اس ابتدائی فائرنگ میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا جبکہ مزید دو عسکریت پسندوں کو کئی بار سرنڈر کرنے کے لیے کہا گیا۔ اگرچہ ان عسکریت پسندوں کے گھر والوں کو بھی جائے تصادم کے نزدیک اپنے بچوں کو سرنڈر کرنے کے لیے کہنے کا موقع بھی دیا گیا۔ تاہم عسکریت پسندوں نے سرنڈر کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد مزید دو عسکریت پسند ہلاک کیے گئے۔