سری نگر: جنوبی ضلع شوپیاں کے گاگرن گاوں میں جمعے کی شام کو تین غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ میں ملوث عسکریت پسندوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے شوپیاں کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے دوران مفرور عسکریت پسندوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کے احکامات جاری کئے۔ ذرائع نے بتایا کہ گاگرن شوپیاں میں تین غیر مقامی مزدوروں پر حملے میں ملوث عسکریت پسندوں کی تلاش دوسرے روز بھی جاری رہی۔
ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے گاگرن گاوں کے ساتھ ساتھ آس پاس علاقوں میں چھاپہ ماری کے دوران کئی افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ ذرائع نے مزید کہاکہ حملے میں ملوث عسکریت پسندوں کی شناخت کی خاطر ہیومن اور ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ضلع کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا خاص کر ان علاقوں کا جہاں پر غیر مقامی مزدور مقیم ہیں۔