شوپیان: جموں و کشمیر کے ضلع شوپیان کے سیدھو علاقہ کا لون محلہ کئی برسوں سے مقامی آبادی کے لیے باعث عذاب بن گیا ہے کیونکہ محلہ میں پانی کی نکاسی نا ہونے کے سبب بارش کے موسم میں گندہ پانی جمع ہوجاتا ہے جس کے سبب عوام اور اسکولی بچوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ محلہ تقریباً 90 گھروں کے لیے مین سڑک تک پہنچنے کا واحد راستہ ہے۔ لون محلہ میں آج تک رامنگری بلاک ڈیولپمنٹ آفس نے کوئی نالی یا ڈرین کا انتطام نہیں کیا ہے ،جسکے نتیجے میں یہاں گھروں سے نکلنے والا گندہ پانی بھی اسی محلہ میں جمع ہوجاتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم گزشتہ تین سالوں سے بلاک ڈیولپمنٹ آفس کا چکر کاٹ رہے ہیں اور علاقے کے متعلقہ ڈی ڈی سی کے پاس ایک درخواست بھی پیش کی، لیکن آج تک اس مسئلہ پر غور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صبح و شام کے وقت اسکول جانے والے چھوٹے بچوں کو کاندھے پر اُٹھا کر سڑک تک لے جانا پڑتا ہے۔