جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں فورسز اہلکاروں اور عسکریت پسندوں کے مابین انکاؤنٹر میں ایک مقامی عسکریت پسند ہلاک ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد کاٹھوہالن شوپیاں علاقے کو جمعرات کی علیٰ الصبح قریب 4 بجے گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ جس کے دوران ایک عسکریت پسند نے فورسز اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ جس کے ساتھ ہی انکاؤنٹر شروع ہوا۔
اس مختصر انکاؤنٹر میں ایک مقامی عسکریت پسند ہلاک ہوگیا جس کی شناخت میصر احمد ڈار ساکنہ وشرو شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق میصر احمد ڈار نے کچھ ہی روز قبل عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ مارے گئے عسکریت پسند سے ہتھیار سمیت کئی قابلِ اعتراض چیزیں برآمد کرلی گئی ہے۔