شوپیاں (جموں و کشمیر) :اننت ناگ ضلع میں جنگلات منڈی کے قریب ایک تفریحی پارک میں نجی سرکس میں کام کر رہے ایک غیرمقامی شخص دیپو کی ہلاکت کے خلاف منگل کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں احتجاج کیا گیا جس میں سماجی کارکنان، محکمہ ریونیو کے ملازمین، مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ احتجاج میں شریک مقامی باشندوں نے ’’معصوموں کا قتل عام بند کرو‘‘ جیسے نعرے بلند کیے جبکہ احتجاجیوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر شہری ہلاکتوں کی مذمت سے متعلق نعرے درج تھے۔
ایک مقامی سماجی کارکن منصور ماگرے نے کہا کہ ’’کشمیر ریشیوں اور منیوں کی سر زمین ہے اور یہاں پر قتل و غارت کا یہ سلسلہ فوری طور بند ہونا چاہئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کشمیر میں آئے روز کسی نہ کسی بے گناہ کا قتل کیا جاتا ہے اور انتظامیہ اسے روکنے میں ناکام ثابت ہو چکی ہے۔‘‘ احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ کشمیر میں ابھی بھی ہندو، مسلم سکھ اتحاد قائم ہے، کیونکہ کل سے ہی، جب یہ سانحہ اننت ناگ میں پیش آیا، ہر فرقہ کے لوگ ہمارے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔