شوپیاں:ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں ’’میری ماٹی، میرا دیش‘‘ مہم شروع کی گئی ہے جو اس ماہ کی 30 تاریخ تک جاری رہے گی۔ اسی سلسلہ کے تحت ریاستی سطح کے ساتھ ساتھ گاؤں گاؤں اور بلاک سطح پر بھی شہری بلدیاتی اداروں سمیت مختلف محکمہ جات کی جانب سے مختلف پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز شوپیاں میں بھی شوپیاں پولیس کی جانب سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ایس پی شوپیاں تنو شری، ایڈشنل ایس پی شوپیاں، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، ڈی ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او شوپیاں کے علاوہ سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ ساتھ ہی سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 178 اور 14 بٹالین کے کمانڈنگ افسران بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ ادھر، ضلع شوپیاں کے ایک اور علاقے ہیرپوہ میں بھی ’’میری ماٹی میرا دیش‘‘ مہم کے تحت ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔