شوپیاں:ضلع انتظامہ شوپیاں نے پیر کے روز ضلع میں انہدامی کارروائی، سرکاری اراضی سے بے دخلی مہم کو جاری رکھتے ہوئے سابق وزیر اور ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے سینئر لیڈر تاج محی الدین کی جانب سے - مبینہ طور - قبضہ میں کی گئی 13 کنال اراضی کو بازیاب کر لیا۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے طول و ارض میں ’’اثر و رسوخ رکھنے والے افراد‘‘ کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کئی ڈھانچوں کو منہدم کرکے اراضی کو حکومت نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
محکمہ ریونیو کے ایک اعلیٰ افسرا کے مطابق ’’ضلع شوپیاں میں پیر کے روز تاج محی الدین کی جانب سے غیر قانونی طور پر قبضہ میں لئے گئے13 کنال زمین کو بازیاب کرکے غیر قانونی قبضہ کو ہٹایا گیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری احکامات کے مطابق وادی کشمیر میں کاہچرای اور سرکاری زمین کو غیر قانونی طور پر قبضہ میں لینے والوں سے واپس لیا جا رہا ہے، اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے تحت، تاج محی الدین کی جانب سے سیدھو، شوپیاں میں قبضہ میں لی گئی 13 کنال اراضی پر سے قبضہ ہٹا کر اراضی کو حکومتی تحویل میں لیا گیا۔