شوپیاں(جموں و کشمیر): جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں نالہ رنبی آرہ میں پیر کی صبح شاداب کریوا سے تعلق رکھنے والا ایک مزدور اس وقت ہلاک ہو گیا جب وہ ریت اور باجری نکالنے کے دوران ٹریکٹر کے نیچے دب گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق شکیل احمد خان - جو پیشہ سے مزدور ہے - نالہ رنبی آرہ، شوپیاں میں ریت اور باجری نکال رہا تھا اور جوں ہی وہ کچھ لمحہ آرام کرنے کے لئے ٹریکٹر کے نزدیک بیٹھ گیا تب اچانک ٹریکٹر پھسل گیا اور مزدور ٹریکٹر کے نیچے دب کر شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
مقامی باشندوں نے فوری طور پر شکیل احمد کو ضلع اسپتال شوپیاں پہنچایا تاہم وہاں معالجین کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی شکیل احمد کی موت واقع ہو چکی تھی۔ ادھر، شوپیاں پولیس نے جائے موقع پر پہنچ کر کیس کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس بھی درج کر لیا ہے۔ پولیس نے طبی و قانونی لوازمات کے لیے لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔