شوپیاں:وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے86 کلو میٹر طویل تاریخی مغل روڈ کو دو روز بعد بدھ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بحال کیا گیا۔ یاد رہے کہ مغل روڈ کو دو روز قبل برفباری کے بعد ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا تھا اور روڈ پر برف ہٹانے کا کام مکمل کرکے اس روڈ کو ٹریفک کی آمد رفت کے قابل بنایا گیا اور بدھ سے ٹریفک کی آمد رفت شروع ہو گئی۔
ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ’’آج سے اس روڑ کو ٹریفک کی آوا جاہی کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آج سے ہی اس روڑ پر ٹریفک کی آمد و رفت شروع ہوگئی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ ٹریفک کی طرف سے وقت وقت پر جاری کی جانے والی ٹریفک ایڈوائزریز پر عمل کریں اور تیز رفتاری سے گاڑیاں نہ چلائیں کیونکہ پہاڑی راستہ ہونے کی وجہ سے اس روڈ پر تودے گر آنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے جبکہ کئی مقامات پر پھسلن بھی ہو سکتی ہے۔