شوپیان ضلع میں ڈپٹی کمشنر چودھری محمد یاسین نے ترنگا لہرایا جبکہ کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی متعلقہ ڈپٹی کمشنروں نے یوم آزادی کی تقریبات پر پرچم کشائی کی۔
اس دوران مختلف اسکولوں سے آئے ہوئے طلبہ وطالبات نے رنگا رنگ اور تمدنی پروگرام پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔ ان تقریبات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ وطالبات کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔
شوپیان میں یوم آزادی کی تقریب جوش و خروش سے منائی گئی ضلع شوپیان میں سب سے بڑی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں منعقد ہوئی جہاں ترقیاتی کمشنر چودھری محمد یاسین مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے ترنگا لہرایا۔
اس تقریب میں جموں وکشمیر پولیس، سی آر پی ایف، ڈسٹرکٹ پولیس بینڈ، این سی سی کیڈٹس کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے حصہ لیا۔ اس موقعہ پر محکمہ اطلاعات اور اسکولی بچوں نے تمدنی پروگرام پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے یوم آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی آئین کی عمل آوری سے ہی ملک وقوم ترقی کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔ اس دوران انہوں نے مختلف محکموں کی طرف سے کی جا رہی ترقیاتی پہل کی بھی سراہنا کی۔