جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے آج کہا کہ شوپیاں مبینہ فرضی تصادم میں مارے جانے والے راجوری کے تین نوجوانوں کی لاشوں کو قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لواحقین کے سپرد کیا جائے گا۔
انہوں نے جمعہ کو یہاں پولیس ہیڈکوارٹرس میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر راجوری کے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے سپرد کرنے بارے میں نامہ نگاروں کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ 'قانونی لوازمات کی ادائیگی کا عمل جاری ہے ان کے مکمل ہونے کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا'۔
قبل ازیں کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے 30 ستمبر کو کہا تھا کہ شوپیاں مبینہ فرضی تصادم میں مارے جانے والے راجوری کے تین نواجوں کی لاشوں کو قبروں سے نکال کر لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ فوج اور پولیس نے 18 جولائی کو اپنے بیانات میں جنوبی ضلع شوپیاں کے امشی پورہ میں تین غیر شناخت جنگجووں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔