جموں و کشمیر کے ضلع شوپیان میں 18 جولائی 2020 کو ہوئے تصادم میں فوج کے ذریعہ مبینہ طور پر تین مزدوروں کی ہلاکت کے بارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے-
ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اویناش کمار نے کہا ہے شوپیان انکاؤنٹر معاملے میں ایک آزاد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جانی چاہیے تاکہ ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا سکے۔ انہون نے کہا کہ اس معاملے میں سول اتھارٹیز کی جانب سے تحقیقات کی جانی چاہئے کیونکہ اس طرح سے ٹرائل میں کسی حد تک شفافیت اور آزادی ممکن ہے جو عموماً فوجی عدالتی نظام میں ممکن نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق جو شہری اور سیاسی حقوق پر بین الاقوامی عہد نامہ پر عمل درآمد کی نگرانی کرتی ہے اور جس کی بھارت بھی ایک پارٹی ہے ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ذریعہ انسانی حقوق کی پامالی کے معاملات میں سول اتھارٹیز کے ذریعہ تحقیقات کی جانی چاہئے۔