شوپیاں:جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں کے چھانچ مرگ علاقے کے لوگوں نے رابطہ سڑک پر بارہ برس کے بعد میکڈم بچھانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ چھانچ مرگ اور اس کے مضافاتی علاقوں کے لوگوں نے بارہ برس کے بعد علاقے کی طرف جانے والی رابطہ سڑک پر محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے میکڈم بچھانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اگرچہ مذکورہ علاقہ کی طرف جانے والی رابطہ سڑک پر بارہ سال قبل میکڈامایزشن کی گئی تھی تاہم کافی عرصہ ہونے کی وجہ سے سڑک خستہ حالی کا شکار ہو چکی تھی۔Macadamisation of Link Road in Shopian
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں چھانچ مرگ اور اس کے ملحقہ علاقوں سے ضلع ہیڈکوارٹر شوپیاں پہنچنے کے لئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ مذکورہ علاقے میں کوئی شخص بیمار ہوجاتا تھا تو مقامی لوگوں کو مریض کو چارپائی پر اٹھا کر ہسپتال لے جانا پڑتا تھا، جس کے باعث تیمارداروں کے ساتھ ساتھ مریضوں کو بھی کئی مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا تھا۔ اگرچہ معاملے سے نمٹنے کے لئے مقامی لوگوں نے کئی بار انتظامیہ کے دروازے کھٹکھٹائے تھے تاہم ان کے اس دیرینہ مطالبہ پر کسی نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی تھی۔