سانبہ (جموں کشمیر) :صوبہ جموں کے ضلع سانبہ کے ایک دور افتادہ گاؤں کی خواتین مرد کے شانہ بشانہ ہاتھوں میں لاٹھیاں لیے گاؤں کے داخلی راستوں پر پہرہ دے رہی ہیں۔ گاؤں میں داخل ہونے والی گاڑیوں، دو پہیہ گاڑیوں کی جامہ تلاشی، چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ غیر مقامی افراد کو گاؤں میں داخل ہونے کی وجہ معلوم کرنے کے بعد ہی اسے گاؤں میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
گاؤں میں داخل ہونے والے افراد، جو کہ مقامی یا پڑوس گاؤں کے نہیں، سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے اور مشکوک افراد یا منشیات کے عادی افراد کو گاؤں میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا ہے۔ مقامی خواتین نے بتایا کہ انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف کمر کس لی ہے اور وہ اپنی نوجوان نسل کو منشیات سمیت دیگر سماجی جرائم سے دور رکھنے کے لیے از خود میدان میں اتری ہیں۔