جموں: جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ کے سموترا چھنی علاقے میں منگل کی صبح ایک سڑک حادثے میں کم سے کم 19 افراد زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سانبہ کے سموترا چھنی علاقے میں منگل کی صبح ایک بس سڑک سے لڑھک کر ایک نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں 19 افراد زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور مقامی لوگ فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں مزدور اور ان کے اہلخانہ شامل ہیں اور یہ سب مزدور کشمیر میں اینٹ بھٹے پر کام کرنے کے لئے جا رہے تھے۔
زخمیوں کو گھگوال ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ کچھ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں داخل کرایا گیا ہے۔ تمام مزدور اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے کشمیر جا رہے تھے۔ واضح رہے کہ جموں-پٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر سانبہ ضلع کے ٹھنڈی کھوئی علاقے میں پیر کو سڑک حادثے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے تینوں افراد راجستھان کے رہنے والے ہیں اور ماں ویشنو دیوی کے درشن کر کے واپس راجستھان جا رہے تھے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تینوں راجستھان کے رہنے والے ہیں۔