جموں (جموں و کشمیر) :صوبہ جموں کے ضلع سانبہ میں سرحدی علاقہ رام گڑھ کے رنگور کیمپ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب تین نوجوانوں نے مبینہ طور فائرنگ کی جس میں دو نوجوان زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ فائرنگ کرنے والے گروپ کا ایک نوجوان بھی زخمی ہوا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کا یہ معاملہ منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق ہے۔ یہ فائرنگ منشیات کی خرید و فروخت میں رقم کے لین دین کے حوالے سے ہوئی ہے۔ حملہ آور یو ٹٰ چندی گڑھ کی رجسٹریشن والی انووا گاڑی میں آئے تھے اور پولیس نے تینوں حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقامی نوجوانوں نے فائرنگ کرنے والے گروہ میں سے ایک کا زد وکوب کیا۔ تینوں افراد ریاست پنجاب کے رہائشی ہیں۔
فائرنگ میں زخمی ہونے والے دو نوجوانوں کی شناخت 23 سالہ سنیل کمار ولد امرناتھ، 25 سالہ سنیل کمار ولد بھگوان داس شامل ہیں، دونوں رام گڑھ کے رہنے والے ہیں۔ اس حملے کے بعد گاؤں کے نوجوانوں نے تین حملہ آوروں میں سے ایک کو پکڑ کر اسے مار مار کر زخمی کر دیا۔ اس کی شناخت تیس سالہ سنیل کمار ولد سرجیت سنگھ ساکنہ گرو نانک پورہ، امرتسر کے طور پر کی گئی ہے۔
دوسری جانب علاقے کے باشندوں کا کہنا ہے کہ ان کے گاؤں کا ایک نوجوان گورو کچھ دنوں سے لاپتہ ہے اور گاؤں کے نوجوان رات کو اس کی تلاش میں نکلے تھے۔ اس دوران لوگوں نے رام گڑھ میں چندی گڑھ رجسٹرڈ گاڑی دیکھی اور گاڑی میں سوار نوجوانوں سے علاقے میں آنے کے بارے میں دریافت کیا۔