جموں: جموں وکشمیر کے ریاسی ضلع کے چسانہ گاؤں میں دوسرے روز بھی عسکریت پسند مخالف آپریشن جاری رہا۔ پیر کی سہ پہر سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم کے دوران ایک عدم شناخت عسکریت پسند مارا گیا جبکہ دوسرے نے رہائشی مکان میں پناہ حاصل کی۔ذرائع نے بتایا کہ مہلوک عسکریت پسند کا ساتھی سکیورٹی فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوا جس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ریاسی ضلع کے چسانہ گاؤں میں دوسرے روز بھی سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہا۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز ابتدائی فائرنگ میں ایک عدم شناخت عسکریت پسند مارا گیا جبکہ دوسرے نے رہایشی مکان میں پناہ حاصل کی۔انہوں نے بتایا کہ منگل کی صبح جوں ہی سکیورٹی فورسز کے اہلکار رہایشی مکان کے اندر گئے تو وہاں پر مہلوک عسکریت پسند کا ساتھی موجود نہیں تھا۔
ان کے مطابق چسانہ کا تولی گاؤں پہاڑی علاقہ ہے اور اسی کا فائدہ اٹھا کر عسکریت پسند رات کے دوران چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مفرور عسکریت پسند کو تلاش کرنے کی خاطر نصف درجن کے قریب گاؤں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا گیا جبکہ اضافی کمک کو بھی جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے۔