کٹرا: ریاسی ضلع کے کٹرا۔دیوا نئی سڑک کے تعمیری کام کے آغاز کے موقع پر فیتہ کاٹنے کو لے کر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) رکن پینتھل بلاک راجندر منگی اور کٹرا بلاک کے بی ڈی سی چیئرمین شیام لال کے درمیان نوک جھوک کا ویڈیو خوب وائرل ہورہا ہے۔ دو رہنماؤں کے درمیان پہلے میں، پہلے میں کو لے کر نوک جھوک بھی ہوئی جس کی وجہ سے پروگرام کو رد کرنا پڑا اور بغیر فیتہ کاٹے ہی سڑک کے تعمیری کام کا آغاز کردیا گیا۔
واضح رہے کہ کٹرا۔دیوا نئی سڑک جو قریب تین کلو میٹر لمبی ہے جو متعدد جگہوں پر خراب ہے، اس سڑک کو ٹھیک کرانے کے لیے پی ڈبلیو ڈی نے گزشتہ روز تعمیراتی و مرمتی کام شروع کرنے کے لیے ڈی ڈی سی ممبر پینتھل بلاک راجندر منگی اور بی ڈی سی چیئرمین کٹرا بلاک شیام لال اور کوٹلی بجالا پنچایت کی سرپنچ سنتوش دیوی کو مدعو کیا تھا۔
محکمہ کی طرف سے فیتہ کاٹنے کے لیے قینچی کا بھی انتظام کیا گیا، تاہم اس دوران پہلے میں، پہلے میں کو لے کر ڈی ڈی سی ممبر راجندر منگی اور بی ڈی سی کے چیئرمین شیام لال کے مابین نوک جھوک شروع ہوگئی۔ تنازعہ اتنا بڑھ گیا کہ پروگرام کو منسوخ کرنا پڑا اور محکمہ کو فیتہ کاٹے بغیر ہی کام شروع کرنا پڑا۔