ریاسی (جموں و کشمیر):صوبہ جموں کے ریاسی ضلع میں ماتا ویشنو دیوی غار کا درشن کرنے کے بعد اتوار کو کٹرہ سے واپس آنے والے یاتریوں سے بھری ایک بس حادثے کا شکار ہوگئی۔ کٹرا سے جموں جانے والی بس زیر رجسٹریشن نمبر RJ14PD4101 ضلع ریاسی کے موری علاقے میں اچانک الٹ گئی اور حادثہ میں ایک خاتون عقیدت مند کی موت واقع ہو گئی جب کہ 23 دیگر زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بس میں ریاست راجستھان سے تعلق رکھنے والے یاتری تھے جو کٹرہ میں ماتا ویشنو دیوی غار کے درشن کے لیے آئے تھے۔ درشن کے بعد یاتری بس کے ذریعے واپس لوٹ رہے تھے اور اس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں کو کٹرہ اور دنسال کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے اے ڈی جی پی، مکیش سنگھ کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو گئی۔