مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رام بن میں خود کشی کا رجحان مسلسل جاری ہے، ضلع کے دور دراز علاقہ بھبھڑوتہ میں ایک نوجوان نے خود کشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کی پنچایت کمیت گاؤں پارسی، سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ دییا رام ولد وید پرکاش گزشتہ شام سے لاپتہ تھے اور بدھ کی صبح گھر کے نزدیک انکی لاش ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔
رام بن: نوجوان نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پی ایچ سی راجگڑھ منتقل کیا جہاں سے پوسٹ مارٹم کیلئے ضلع ہسپتال رامبن منتقل کر دیا گیا۔
انچارج چوکی پولیس کاستی گڑھ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’قانونی اور طبی لوازمات کے بعد آخری رسومات کے لیے لاش اہل خانہ کے سپرد کر دی گئی۔‘‘
اس سلسلے میں پولیس نے سی آر پی سی کی دفعہ 174 کے تحت معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع رام بن میں تین ماہ کے اندر یہ خود کشی کا گیارہواں واقعہ ہے۔ جن میں زیاہ تر 15 سال سے 24 سال کی عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں نے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر دیا۔
گزشتہ ہفتے ہی ضلع کے منجل، ہڑوگ سے تعلق رکھنے والے 22سالہ نوجوان کی لاش بھی ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔