رام بن (جموں کشمیر) :صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع رام بن میں اراضی تنازعہ ایک خاتون کے قتل کا سبب بنا۔ اطلاعات کے مطابق یہ سانحہ ضلع کے سب ڈویژن گول علاقہ میں اُس وقت پیش آیا بدھ کی صبح قریب 9 بجے دورافتاد علاقہ سیری پورہ، ٹھٹھارکہ میں دو فریقوں کا اراضی کے معاملہ میں تنازعہ شروع ہوا۔ مقامی باشندوں کے مطابق تنازعہ گالم گلوچ اور پھر ہاتھا پائی پر اترا آیا، اور ایک 52سالہ سلیمہ بیگم زوجہ عبد المجید کو فریق ثانی نے مار پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
مقتولہ کے شوہر عبد المجید نے میڈیا نمائدوں کو بتایا کہ اراضی تنازعہ کے دوران وہ اور اس کی زوجہ مائے موقع پر ہی تھے جب فریق ثانی مستر احمد اور فاروق احمد پسران محمد ابراہیم ماگرے نے ان کی زوجہ کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ اسے گھسیٹ کر سڑک پر لے گئے اور اس کا زد و کوب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی طرح وہ خون میں لت پت اپنی زوجہ کو مقامی باشندوں کی مدد سے سنگلدان اسپتال پہنچا پائے تاہم وہاں موجود ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی خاتون کی موت واقع ہو چکی تھی۔