رامبن:جموں وکشمیر کے ضلع رامبن میں جمعرات کی شب زیر تعمیر فور لائن پروجیکٹ رامبن کے نزدیک خونی نالہ کے قریب زیر تعمیر سرنگ T3 منہدم ہونے کے بعد لاپتہ ہونے والے افراد میں سے آج دوسرے دن بھی لاشوں کے ملنے کا سلسلہ جاری رہا۔ لاپتہ ہونے والے دس افراد میں سے سبھی مزدوروں کی لاشیں آج شام قریب سات بجے برآمد کر لی گئیں۔ انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن کو آج صبح دوبارہ شروع کر دیا تھا۔Ramban Tunnel Collapse Update
ڈپٹی کمشنر رامبن مسرت السلام نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ ملبے کے نیچے کل ملا کر دس لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے معاملے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کے احکامات صادر کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تلاشی آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔
تازہ تفصیلات کے مطابق ٹنل سے آج صبح سے ہی مرحلے وار لاشوں کو برامد کیا گیا لاشوں کی شناخت دیپک رائے (33) ولد کیسری پرساد، پرمل رائے (38) ولد گونا کھنہ رائے، سدھیر رائے (31) ولد مانک رائے، جادھو رائے (23 ولد دانش رائے، گوتم رائے (22) ولد بھانودیب رائے ساکنان مغربی بنگال، نواراج چودھری (26) ولد چندرہ بہادر، کاشی رام چودھری (25) ولد بند ہو رام چودھری ساکنان کنچن پورہ نیپال کے طور پر ہوئی جب کہ دور مقامی مزدوروں کی شناخت مظفر احمد (38) ولد غلام عباس اور محمد عشرت (30) ولد محمد شفیع ساکن پنتھیال ضلع رامبن کے طور کی گئی۔