رام بن (جموں و کشمیر) :سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ایک بار پھر ضلع رام بن میں مٹی کے تودے گر آنے سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی تھی تاہم کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد شاہراہ کو بحال کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ ضلع رام بن میں بھی ڈھلواس کے مقام پر مٹی کے تودے گر آنے سے حکام نے چنانی ناشری اور بانہال میں گاڑیوں کو روک کر ٹریفک کی بحالی کا کام شروع کر دیا تھا۔ ادھر، حکام نے سرینگر جموں شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل ٹریفک محکمہ سے رجوع کرکے ٹریفک کی جانکاری حاصل کرنے کی سختی سے تلقین کی ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر صبح قریب گیارہ بجے اس وقت ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی جب ضلع رام بن کے ڈھلواس علاقے میں مٹی کے تودے گر آئے اور چٹانیں کھسک آئیں۔ انہوں نے کہا ہک شاہراہ کی بحالی کے لیے مشینری کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کو بھی کام پر لگا دیا گیا اور چنانی، چندر کورٹ، رام سو اور بانہال میں بڑی تعداد میں گاڑیاں در ماندہ ہو کر رہ گئی تھی۔ ٹریفک حکام نے کہا کہ قریب چار گھنٹوں کی مشقت کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہو گئی۔ تاہم انہوں نے عوام الناس سے شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کی تلقین کی ہے۔