سرینگر:وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر – جموں قومی شاہراہ پر رامسو میں سڑک کا ایک حصہ ڈھہ جانے کے نتیجے میں ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ ہنگی رامسو میں سڑک کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے سرینگر – جموں قومی شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل روک دی گئی ہے۔انہوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر سفر کرنے کے لئے ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کریں۔
وہیں ٹریفک حکام نے سماجی رابطہ سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ" شاہراہ کو بحال کرنے کے لیے کام شروع کیا گیا ہے۔" ادھر زوجیلا پر تازہ برف باری کے نتیجے میں سرینگر – لیہہ شاہراہ پر ہفتے سے ٹریفک بند ہے،تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک جاری ہے۔