سری نگر:وادیٔ کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر برف باری اور چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے جمعہ کو ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی۔ ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ رام بن سیکٹر اور قاضی گنڈ میں برف باری کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رام بن - بانہال سیکٹر میں قومی شاہراہ پر چٹانیں بھی کھسک آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت کو بحال کرنے کے لیے افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ پہلے ہی بند ہیں۔ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کے بند ہوتے ہی جہاں ایک طرف اشیائے ضروریہ کی کمی پیدا ہوجاتی ہے تو وہیں دوسری طرف گراں فروشی بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔ واضح رہے کہ 16 جنوری کو بھی سرینگر جموں قومی شاہراہ پر پنتھال کے نزدیک چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک حکام نے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کردی تھی۔ ایس ایس پی رامبن مہوتی شرما کے مطابق نیشنل ہائے وے 44 پر چٹانیں کھسک آنے سے اسٹیل ٹنل کو کافی حد تک نقصان پہنچا تھا۔