رامبن:وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر- جموں قومی شاہراہ پر رامبن میں شدید بارشوں کے بعد کئی مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کے پیش نظر بدھ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی۔ ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث رامبن میں کیفٹیریا موڑم، مہاڑ و دیگر مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آئیں جس کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تاہم قومی شاہراہ اگلے احکامات تک ٹریفک کے لئے بند ہے۔ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ پونچھ کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ مسلسل بند ہے۔ وہیں ایس ایس پی ٹریفک رامبن موہیتا شرما نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع رامبن میں شدید بارشیوں کی وجہ سے قومی شاہراہ 44 پر مختلف مقامات پر پتھر اور مٹی کے تودے گرآئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو بحال کرنے کے لیے کلیئرنس کا کام شروع کیا گیا ہے۔