رام بن:پہاڑی ضلع رام بن کے گول، دلواہ، ڈکسر علاقے میں زمین کھسکنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ زمین کھکسنے کے سبب اب تاک قریب 12 رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان عمارتوں میں رہائشی پذیر درجنوں افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ادھر، حکام نے رام بن - گول، سنگلدان سڑک کو احتیاطاً ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
گذشتہ دو روز سے گول، دلواہ، ڈکسر علاقے میں زمین کھسکنے کے سبب کئی رہائشی ڈھانچے تباہ ہو چکے ہیں، مکانات قابل رہائش نہ رہے جبکہ ضلع انتظامیہ نے فوری طور لوگوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کر دیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے انہیں عارضی ٹینٹ فراہم کیے گئے ہیں تاہم انہوں نے حکام سے فوری طور بازآبادکاری کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے متاثرین نے کہا کہ اچانک زمین دھنسنے کے سبب کئی رہائشی مکان تباہ ہو گئے۔ مقامی رضاکاروں اور انتظامیہ کی فوری کارروائی کے نتیجے میں عمارتوں میں رہائش پذیر لوگوں اور مکانات میں موجود بیشتر املاک کو باہر نکالا گیا تاہم متاثرین نے انتظامیہ سے انہیں سر چھپانے کے لیے جگہ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔