رام بن:جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رام بن میں محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کی جانب سے سنساد کھیل سپاردھا (SANSAD KHEL SPARDHA) کے تحت انٹر بلاک، ضلع سطح کے کبڈی، کھو کھو اور والی بال کھیل مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ درجنوں مقامی بچوں نے کھیل مقابلوں میں شرکت کرکے اپنے جوہر دکھائے۔ وہیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ ضلع رام بن کے بلاک بٹوٹ نے لڑکیوں اور لڑکوں - دونوں زمروں میں کھو کھو کے مقابلے اپنے نام کیے اور والی بال ٹورنامنٹ میں بلاک رامسو نے بلاک رام بن کو کو شکست دے کر فائنل اپنے نام کیا۔
کھیل مقابلوں میں متعدد مقامی ٹیموں نے شرکت کی۔ کھیل مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں/کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ ڈی سی رام بن نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’ضلع انتظامیہ نے نوجوانوں کی ہمہ گیر ترقی کے لیے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچوں کو مستحکم بنانے کے لیے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا جا رہا ہے۔‘‘