جموں و کشمیر کے ضلع رامبن کے تحصیل گول میں آج صبح تقریبا چھ بجے شارٹ سرکٹ سے ایک مکان میں آگ لگنے کی وجہ سے مکان مکمل طور سے تباہ ہوگیا، مقامی لوگوں کی بروقت مدد سے انسانی جانوں کو تو بچانے میں کامیاب ہوگئے، تاہم قمر الدین کا مکان اور اسکی عمر بھر کی کمائی مکمل طور پر خاکستر ہوگئی۔
متاثرہ شخص کی عوام اور انتظامیہ سے اپیل - شارٹ سرکٹ سے ایک مکان میں آگ
تحصیل گول کے بلاک سنگلدان کے بڑا کنڈ علاقے میں شارٹ سرکٹ سے لگی بھیانک آتشزدگی کی وجہ سے ایک گھر مکمل طور سے تباہ ہوگیا، جس کی وجہ سے متاثرہ شخص نے معاشی تعاون کے لیے انتظامیہ اور عوام سے اپیل کی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحصیل گول بلاک سنگلدان کے بڑا کنڈ کے علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا، مکان مالک قمر الدین ولد محمد شفیع نے کہا کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگٸ اور آگ کی لپٹ نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے کر مکان کو ملبے میں تبدیل کر دیا ہے۔
متاثرہ شخص معاشی طور پر کمزور ہونے کی وجہ سے عوام اور انتظامیہ سے معاشی تعاون کی اپیل کی ہے، وہیں مقامی لوگوں نے کہا کہ اگر فائر بریگیڈ کی گاڑی بروقت کاروائی کرتی تو اس کا مکان آگ سے بچایا جاسکتا تھا، تاہم محکمہ کی طرف سے کوئی بھی آگ بجھانے والی گاڑی بلاک ہیڈکوارٹر پر موجود نہیں ہے۔