رام بن:جموں و کشمیر میں حکومت کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر ہر سال ہزاروں کروڑ روپے خرچ کیے جاتے ہیں تاہم آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی کئی ایسے علاقے ہیں جو رابطہ سڑک سے محروم ہیں، جس کی ایک مثال پہاڑی ضلع رام بن میں صدر مقام سے محض پانچ کلومیٹر دور فیلتی، گھگوال علاقہ ہے۔ رابطہ سڑک سے محروم ہونے کے باعث فیلتی گھگوال علاقہ کے باشندوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گھگوال علاقے کو سڑک رابطہ سے جوڑے کیلئے، مقامی باشندوں کے مطابق، حکام کی جانب سے کئی بار پروجیکٹس بنائے گئے حتی کہ اس کا بجٹ تک بھی مختص کیا گیا تاہم اس کے بعد بھی سڑک رابطے کی تعمیر نہیں کی گئی جس کی وجہ سے عوام میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ سڑک رابطہ نہ ہونے کے باعث دو ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل آبادی کو روزانہ کی بنیاد پر سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔