جموں و کشمیر میں پہاڑی ضلع رام بن کی تحصیل راجگڑھ کے گھاڑی گھراٹ علاقے میں پُل کی عدم موجودگی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تین سال قبل گھاڑی گھراٹ نالے پر پل کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تاہم مقامی باشندوں کے مطابق اسے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پل کی ابتدائی تعمیر کے دوران مقامی باشندوں نے مزدوری کا کام انجام دیا تاہم متعلقہ محکمہ اور ٹھیکہ داروں کی جانب سے انہیں آج تک انہیں اجرت ادا نہیں کی گئی۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ’’گھراٹ نالے سے ایک اہم راستہ گزرتا ہے تاہم پُل نہ ہونے کی وجہ سے عوام طرح طرح کی مشکلات سے دوچار ہے، اور حالیہ دنوں دو افراد نالے میں ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں۔‘‘