رام بن (جموں کشمیر) :جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رام بن میں سرینگر جموں شاہراہ پر واقع قصبہ رامسو میں گرد وغبار سے عوام کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سرینگر جموں شاہراہ کی کشادگی کے دوران تعمیراتی کمپنیاں شاہراہ پر گرد و غبار کو روکنے میں مکمل طور سے ناکام ثابت ہو رہی ہیں۔ لوگوں نے اس حوالہ سے سب ڈویژن رامسو انتظامیہ کی خاموشی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے رامسو علاقے کے باشندوں نے کہا کہ کنسٹرکشن کمپنیز کی جانب سے اصول و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کام انجام دے رہی ہیں۔ لوگوں نے کہا: ’’کنسٹرکشن کمپنیز شاہراہ کی کشادگی کے دوران نہ تو گرد و غبار کو روکنے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کر رہی ہیں، بلکہ شاہراہ پر جگہ جگہ بنے گڑھوں میں مٹی انڈیل دیتے ہیں، جس کے سبب ہر وقت گرد و غبار اٹھتا رہتا ہے۔‘‘ لوگوں نے نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’گزشتہ کئی برسوں سے ہائی وے پر کنسٹرکشن کا کام جاری ہے جس میں کوئی بھی پیش رفت نظر نہیں آ رہی، اتھارٹی دعویٰ کر رہی ہے کہ کام جاری ہے اور جلد مکمل ہو جائے گا تاہم یہ دعوے محض اعلانات تک ہی محدود ہیں۔‘‘