رامبن:ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے پیر کے روز کہا کہ پارٹی کی جدوجہد کے باعث ہی زمینوں کی بے دخلی اور راشن کٹوتی کے مسائل حل ہوئے ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے بانہال میں پارٹی کنونشن سے ٹیلی خطاب کے دوران کیا۔
غلام نبی آزاد نے کہا کہ ’ڈی پی اے پی‘ نے اس سال جنوری سے مارچ تک پورے جموں و کشمیر میں تین مہینوں میں 20 سے زائد احتجاجی ریلیاں نکالی ہیں جن میں اراضی کی بے دخلی اور راشن کی کٹوتی کے بڑے مسائل کو حل کیا گیا ہے۔
آزاد نے کہا'یہ سڑکوں پر ’ڈی پی اے پی‘ کی احتجاجی ریلیاں تھیں جس نے حکومت کی توجہ ان اہم مسائل کی طرف دلائی جو لوگوں کو زبردستی اراضی کی بے دخلی اور راشن کی کٹوتی کی شکل میں درپیش ہیں، انتظامیہ نے، بڑھتی ہوئی ناراضگی کو محسوس کرتے ہوئے، بے دخلی کی مہم کو روک دیا اور جموں و کشمیر میں تمام زمروں میں راشن کوٹہ کو بڑھا کر 10 کلو کر دیا“۔