جموں و کشمیر انتظامیہ کے چیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم نے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کی جس دوران انہوں نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے ذریعہ عمل میں آنے والی قومی شاہراہ 44 کے مختلف حصوں پر کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
میٹنگ میں ریونیو ڈپارٹمنٹ، پبلک ورکس (آر اینڈ بی)، محکمہ جنگلات اور محکمہ ماحولیات کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز، جموں و کشمیر کے ڈویژنل کمشنرز، منیجنگ ڈائریکٹر، کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ، ڈپٹی کمشنر رامبن سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ قومی شاہراہ 44 کے 3 حصوں جن میں ادھمپور- رامبن، رامبن - بانہال اور بانہال قاضی گنڈ شامل ہیں کا کام شد و مد سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ ڈبل ٹیوب نوایوگ سرنگ پر کام تیزی سے جاری ہے۔