رامبن:جموں و کشمیر کے رامبن میں ہوئی اس میٹنگ کا مقصد NOPRUF یونٹ کو تحصیل سطح تک مضبوط کرنا تھا۔ اس موقع پر ضلعی صدر سرجیت سنگھ کٹوچ نے یوٹی صدر گل ذبیر ڈینگ کی موجودگی میں محمد سلیم چودھری تحصیل صدر رامبن اور نیلوفرجان کو تحصیل صدر فیمیل ونگ رامبن منتخب کیا۔ ساتھ ہی یوٹی صدر نے سکریٹری مختیار احمد کا استقبال کیا۔ یوٹی صدر نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے یوٹی انتظامیہ سے اپیل کی کہ جموں و کشمیر میں تمام این پی ایس ملازمین کو پرانی پینشن کے زمرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پنشن اسکیم ایک پرائیویٹ ادارے کے تحت بہت ہی قلیل رقم پینشن کی ادائیگی کے طور پر ادا کررہی ہے جو کہ حالیہ دنوں میں ریٹائرمنٹ ہوئے ملازمین کو چند رقوم کے طور پر پینشن دی گئی جسے ملکی و ریاستی سطح کے لاکھوں ملازمین نے مسترد کرکے پرانی پینشن کو لاگو کرنے مہم شروع کی ہے۔
گل ذبیر ڈینگ نے تمام نومنتخب نمائندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ بہت جلدی نیشنل اولڈ پنشن ریسٹوریشن یونائیٹڈ فرنٹ کے قومی صدر بی پی سنگھ راؤت جموں و کشمیر کا دورہ پرانی پنشن کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے آرہے ہیں جس میں وہ جموں کشمیر کی حکومت سے پرانی پینشن کو دوسری ریاستوں کی طرح بحال کرنے پر زور مطالبہ کریں گے اور اس حوالے سے تمام یوٹی، صوبائی اور ضلعی سطح کی تنظیموں کو ایک ساتھ کام کرنے کے علاوہ پرانی پینشن کانفرنس کو تاریخی بنانے میں آگے آنے کے لیے کہا۔انہوں نے اس موقع پر جموں کشمیر کے تمام تنظیمی کارکنان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ لگن سے پرانی پنشن کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب تمام این پی ایس ملازمین پرانی پنشن سے مستفیض ہوں گے ۔ یوٹی صدر نے تمام اراکین کو کہا کہ بہت جلدی پرانی پنشن کانفرنس کے لیے جگہ اور وقت کا تعین کر کے آگاہ کر دیا جائے گا ۔