رام بن:جموں و کشمیر میں، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق، گزشتہ شب سے ہی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں بارشوں کے سبب ندی نالوں، دریاؤں میں پانی کی سطح پر میں کافی اضافہ ہوا ہے وہیں سرینگر جموں شاہراہ پر مٹی کے تودے گر آنے اور چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق رام بن ضلع کے بانہال، کیفٹریہ موڑ اور ماروگ کے مقام پر سرینگر جموں شاہراہ پر مٹی کے تودے اور پتھر گر آنے سے شاہراہ کو ٹریفک کی آمدو رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ادھر، بدھ کی صبح بھگوتی نگر بیس کیمپ سے چھ ہزار سے زائد یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ کو کشمیر کی جانب روانہ کیا گیا تاہم یاتریوں کو ضلع رام بن چندر کورٹ علاقے میں قائم یاتری نواس پر ہی روک دیا گیا ہے۔ یاتریوں کو وادی کشمیر کی جانب روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ حکام نے بتایا کہ سرینگر جموں شاہرہ بدھ کی صبح قریب چھ بجے ہی رام بن کے کیفٹریہ موڑ پر مٹی کے تودے گر آنے کے سبب ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی تھی۔ بعد ازاں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے ضلع کے ماروگ اور پنتھال علاقے میں بھی پتھر اور مٹی کے تودے گر آئے ہیں۔ حکام نے کی شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی کو یقینی بنائے جانے لئے عملہ اور مشینری کو کام پر لگا دیا ہے۔