رام بن:پہاڑی ضلع رام بن کے دور افرادہ علاقہ ہلہوت کے سندروٹ گاؤں میں ہفتہ کی صبح تین خواتین سمیت ایک ہی کنبے کے چار افراد اپنے کچے گھر میں مردہ پائے گئے۔ دلدوز سانحہ کی خبر موصول ہوتے ہی مقامی رضا کار، پولیس اور انتظامیہ نے علاقہ کا رخ کرکے موقع کا جائزہ لیا۔ آفیشلز کے مطابق گھر میں خواتین سمیت چار افراد بے ہوشی کی حالت میں تھے جبکہ ایک خاتون کی سانسیں چل رہی تھی جسے فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
فوت ہونے والوں 60سالہ چین سنگھ، ان کی زوجہ 55سالہ شنکری دیوی، اور ان کی دو دختر سندیشا دیوی اور مونیکا دیوی شامل ہیں۔ فوت ہونے والوں کے ایک رشنہ دار نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا متوفی کے بارے میں کوئی خبر موصول نہ ہونے کے بعد ان کے بھائی نے مقامی سرپنچ کو انکوائری کے لیے روانہ کیا جس نے انہیں اپنے ہی کچے مکان میں مردہ حالت میں پایا۔