مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر کے ضلع رامبن میں انتظامیہ اور محکمہ باغبانی کے اشتراک سے ضلعی سطح کے کسان میلہ کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر رامبن مسرت الاسلام نے کیا۔
رامبن میں کسان میلہ کا انعقاد کسان میلے میں ضلع کے متعدد کاشتکار، کونسلر، سرپنچ، پنچ اور متعلقہ محکمہ کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جس میں محکمہ اگریکلچر، ماہی پروری، شعبہ باغبانی، محکمہ مویشی پروری اور دیگر شعبوں نے کسانوں کو راغب کرنے کے لیے اپنے اپنے سٹال لگائے تھے۔
محکمہ باغبانی کی جانب سے منعقد کیے گئے کسان میلے کا اصل مقصد کسانوں کو زراعت، باغبانی اور دیگر شعبوں کی طرف راغب کرنا اور اس سے منسلک دیگر شعبوں میں ترقی اور فصلوں کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے کسانوں کو بیدار کرنا ہے۔
اس ضمن میں ضلع ترقیاتی کمشنر رامبن مسرت الاسلام نے میلے میں شرکت کرنے والے کسانوں اور عوامی نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے کہا کہ اس قسم کے پروگرام کا مقصد کسانوں کو بہترین ساز و سامان کے ساتھ ساتھ بہترین اقسام کے بیج مہیا کروانا ہے، تاکہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے اور آئندہ اس طرح کے پروگرام ضلع کے دور دراز تحصیل میں بھی کروائے جائیں گے۔