رام بن:جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رام بن میں بادل پھٹنے کے سبب آئے سیلابی ریلوں کے سبب عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ املاک کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع کی ہے۔ نمائندے کے مطابق ہفتہ کو ضلع کے سب ڈویژن رام سو کے پوگل پرستان، اُکھڑہال علاقے میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی دی ہے جبکہ جگہ جگہ چٹانیں کھسکنے اور مٹی کے تودے گر آنے سے رابطہ سڑکیں منقطع ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سیلابی ریلوں کے سبب مٹی کے تودے گر آنے سے گوہالہ، ملیگام، پوگل کی کئی بستیوں کے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ علاقے میں تن آور درخت اکھڑ چکے ہیں جبکہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اُکھڑہال، پوگل پرستان میں ایک شہری کا مکان بھی پوری طرح تباہ ہوا ہے جبکہ نالہ پوگل پرستان پر تعمیر پل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اس دوران پنچایت سینابتی بی سے اطلاع موصول ہوئی ہے پہاڑی سے گر آئے پتھروں کی زد میں آنے سے عبد الرشید بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکنہ چیولی کے سر میں پتھر لگنے سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔