مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رام بن میں خود کشی کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، ضلع کے دور دراز علاقے سمبڑ ہڑوگ میں ایک نوجوان نے خود کشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا ہے۔
ضلع رام بن میں خود کشی کے بڑھتے رجحان سے عوام میں تشویش کی لہر ذرائع کے مطابق ضلع کے منجل، ہڑوگ سے تعلق رکھنے والے 22سالہ لہر سنگھ جمعہ کی دوپہر کا کھانا کھاکر گھر سے لاپتہ ہوئے تھے۔ سنیچر کی صبح لہر سنگھ کے والد کو انکے بیٹے کی لاش ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔
عینی شاہدین کے مطابق لہر سنگھ نے اپنی زوجہ کے دوپٹے کو پھندہ بنا کر درخت سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔
رام بن پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ضلع ہسپتال رامبن منتقل کر دیا۔
ایس ایچ او دھرمکنڈ فردوس احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’قانونی کارروائی کے بعد آخری رسومات کے لیے لاش اہل خانہ کے سپرد کر دی گئی۔‘‘
اس سلسلے میں پولیس نے سی آر پی سی کی دفعہ 174 کے تحت معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع رام بن میں تین ماہ کے اندر یہ خود کشی کا دسواں واقعہ ہے۔ جن میں زیاہ تر 15 سال سے 22 سال کی عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں نے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر دیا۔