نیشنل اسٹونڈینٹ یونین آف انڈیا کے سابق قومی صدر اور کانگریس کے سینئر لیڈر فیروز خان نے وزیر داخلہ امیت شاہ کے جموں و کشمیر دورے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’’امیت شاہ کشمیری نوجوانوں کو نوکریوں اور تعمیر و ترقی کا سبز باغ دکھا کر گمراہ کر رہے ہیں۔‘‘
ان باتوں کا اظہار کانگریس لیڈر نے پہاڑی ضلع رام بن میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
فیروز خان نے کہا کہ ’’وزیر داخلہ امیت شاہ جھوٹے بیانات کے ذریعے جموں و کشمیر کے نواجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔‘‘ خان نے کہا کہ ’’وزیر داخلہ سمیت بی جے پی لیڈران بشمول وزیر اعلیٰ نریندر مودی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بلند و بانگ دعوے کر رہے ہیں تاہم زمینی سطح پر نوجوان بے روزگاری دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ سنٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکانومی (سی ایم آئی ای) کے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں بے روزگاری کی شرح 21.6 فیصد ہے، جو ہندوستان کی دیگر ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ایم آئی ای کی تحقیق کے مطابق ملک بھر میں بے روزگاری کی اوسط شرح 6.9 فیصد ہے جس سے جموں و کشمیر میں بے روزگاری کی بڑھتی شرح کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔